تعلیم الدین کتاب کا تعارف


 *تعلیم الدین(پانچ حصے)*


مؤلفین: مفتی محمود صاحب بارڈولی دامت برکاتہم

مولانا اسماعیل صاحب کاپودروی دامت برکاتہم


تعارف کتاب از: محمد مظاہری ندوی


ناشر: نورانی مکاتب

ملنے کا پتہ: دار المکاتب، کاپودرا۔ 9824289750


اردو زبان ایک عالمی زبان ہے، بڑی پیاری زبان ہے، ہندوستان ہی اس کا مولد و مسکن ہے، یہیں پھلی پھولی اور ترقی کے بام عروج تک رسائی حاصل کی،اور عالمی زبان کا درجہ حاصل کیا، مگر اس کے ساتھ اس کے وطن میں ہی سوتیلا پن روا رکھا جارہا ہے، اور اس کی قدرومنزلت گھٹانے کی کوشش کی جارہی ہے، لیکن خدا سے امید ہے کہ اس ملک میں اس زبان کو دوام حاصل ہوگا، باشندگان ملک ان فرقہ پرستوں کی کوششوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، اس زبان کے فروغ اور بقاء میں ادباء شعراء، اردو اسکول، اردو اخبار کے ساتھ مدارس اسلامیہ اور مکاتب دینیہ کا بھی بڑا اہم کردار ہے،اور کیوں نہ ہو جبکہ عربی زبان کے بعد ہمارا مذہبی ورثہ سب سے زیادہ اسی زبان میں ہے، اسلامی تعلیمات حاصل کرنے کے لئے ہندوپاک میں یہی زبان زینہ کی حیثیت رکھتی ہے، مکاتب دینیہ قرآن کریم کے ساتھ دینی عقائد ومسائل کی تعلیم دینے کے لئے اسی زبان کا سہارا لیا جاتا ہے، گذشتہ نصف صدی میں مولانا محمد میاں صاحب رحمہ اللہ کے دینی تعلیم کے رسالے اور حضرت مفتی کفایت اللہ صاحب دہلوی رحمہ اللہ تعالیٰ کی تعلیم الاسلام نے اس میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور امت کے نونہالان کو اسلامی عقائد و مسائل سے روشناس کرایا ہے۔

اب ضرورت اس بات کی تھی کہ ان دونوں کتابوں کا گہرائی کے ساتھ مطالعہ کیا جائے _اور مطالعہ کرنے والے بھی بچوں کی نفسیات اور مزاج سے بخوبی واقف ہو_ اور ان دونوں کتابوں کی از سر نو اس طرح ترتیب دی جائے جو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو، اور اس کا اسلوب بھی آسان اور سہل ہو، اللہ تعالیٰ جزائے خیر عطا فرمائے حضرت مولانا اسماعیل صاحب کاپودروی دامت برکاتہم اور حضرت مفتی محمود صاحب بارڈولی دامت برکاتہم کو جنہوں نے ان دونوں کتاب کو سامنے رکھتے ہوئے مکاتب دینیہ کے طلبہ کے لئے اردو سیکھنے اور دین کے بنیادی مسائل سے واقف ہونے کے لئے ایک کتاب"تعلیم الدین"کے نام سے پانچ حصوں میں مرتب فرمائی اور بڑی عمدہ ترتیب آسان اسلوب اور دلنشین طباعت سے آراستہ پیراستہ کرکے امت کی خدمت میں پیش کی۔

یہ کتاب پانچ حصوں میں مکمل ہے، اور ہر حصہ میں چار ابواب ہیں، ١-اسلامی عقائد ٢-مسائل ٣- سیرت پاک ٤- آداب و اخلاق

عقائد کے لحاظ سے وہ تمام بنیادی عقائد اس کتاب میں بھی موجود ہے جو تعلیم الاسلام کے چار حصوں میں تحریر شدہ ہیں، اور سیرت پاک میں اول حصہ میں مدنی زندگی اور سفر طائف کا تذکرہ ہے، اور دوسرے حصہ میں بیعتِ عقبہ سے غزوۂ بدر تک کا تذکرہ ہے،تیسرے حصہ میں سیرت طیبہ مکمل ہوجاتی ہے،اور حصۂ چہارم میں سیرت خلفاء راشدین ہے، اور حصۂ پنجم میں سیرت عشرہ مبشرہ ہے، اور اسی پانچویں حصے میں متفرقات کے باب کے نام سے ایک الگ باب ہے جس میں ہندوستان میں مسلمانوں کی 750 سالہ دور حکومت کی تاریخ بیان کی گئی ہے اور علامات قیامت سے بھی روشناس کرایا گیا ہے، اور مسائل کے باب میں ارکان اربعہ نماز، روزہ، زکوۃ حج کے مسائل کے ساتھ قربانی کے مسائل بھی سہل انداز میں تفصیل سے تحریر کیے گئے ہیں

اور آداب واخلاق کے باب میں کھانے پینے اور سونے کے آداب کے ساتھ والدین کے حقوق، مہمان نوازی کے حقوق، پڑوسیوں کے حقوق، صلہ رحمی کی اہمیت، بیماروں کے حقوق، سلام کے آداب، مسجد کے آداب، اور لباس کے آداب کا تذکرہ ہے۔

 احقر کی رائے ہے کہ مکاتب دینیہ کے ذمہ داران اس کتاب کو پڑھیں اور اپنے نصاب میں داخل کرنے کی کوشش کریں، انشاءاللہ العزیز بڑا فائدہ ہوگا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

1 تبصرے

  1. دین کی بنیادی تعلیمات حاصل کرنے کے لئے، نیز مکاتب کے نصاب میں شامل کرنے کے لئے بڑی عمدہ کتاب ہے۔

    جواب دیںحذف کریں

نماز کی سنتیں اہمیت و فضیلت