*حضرت مولانا سید بلال عبد الحی حسنی ندوی دامت برکاتہم کی خدمت میں حاضری*
از: محمد مظاہری ندوی
جامعہ کنز العلوم جمالپور احمدآباد
آج مؤرخہ ٤/شعبان المعظم ١٤٤٣ھ مطابق ٨/مارچ ٢٠٢٢ء بروز منگل صبح سویرے رفیق خاص مولانا سعد ندوی کی معیت میں احمدآباد کے خانپور علاقے میں واقع لیمن ٹری ہوٹل پر جانا ہوا، مقصد حضرت مولانا بلال حسنی ندوی دامت برکاتہم العالیہ سے ملاقات اور بیعت ہونا تھا۔
الحمدللہ ھوٹل پر ملاقات ہوئی، سلام دعا کے بعد ہم نے بیعت ہونے کی درخواست کی، فدوی نے یہ بھی بتلایا کہ اس قبل حضرت مولانا عبد اللہ حسنی ندوی رح سے بیعت تھا، آپ کے انتقال کے بعد بہت سی شخصیات سے رجوع کرنے کا ارادہ کیا، مگر دل سے آپ ہی کے نام کی صدا آتی تھی، مولانا نے بیعت کرنا منظور کرلیا، مولانا نے کلمۂ طیبہ کے الفاظ اور اس کے ترجمہ کی ادائیگی کے بعد گناہوں سے توبہ کے کلمات کہلوائے، اور چاروں سلسلوں قادریہ نقشبندیہ چشتیہ سہروردیہ سے منسلک کرنے کے ساتھ سلسلۂ محمدیہ سے بھی منسلک کیا، واضح رہے کہ یہ سلسلہ حضرت سید احمد شہید رحمہ اللہ تعالیٰ کی جانب منسوب ہے، ہمارے ساتھ ہمارے رفیق سید سعد چشتی ندوی صاحب نے بھی مولانا سے
بیعت کی۔
گناہوں سے پرہیز کرنے کے ساتھ ہی تین تسبیحات کی پابندی، سورۂ یسین کا ورد اور ان سلسلوں کے بزرگوں کے لئے ایصال ثواب کے ساتھ ذکر قلبی کی تلقین کی، نیز دعاؤں کے اہتمام کرنے کی ترغیب دلائی، اور بتلایا کہ دعاؤں سے اللہ کا تعلق نصیب ہوتا ہے، نیز یہ بھی فرمایا کہ کسی کا دل دُکھانے سے پرہیز کرنا۔
خدا تعالیٰ سے دعا ہے کہ خدا تعالیٰ آپ کی بتلائی ہوئی باتوں پر
عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین یارب العالمین
.jpeg)
0 تبصرے