محترم شیخ محمد نور صاحبؒ عرف "بزرگ" کا انتقالِ پرملال
از: محمد مظاہری ندوی
جامعہ کنزالعلوم جمالپور احمدآباد
محترم نورمحمد صاحب عرف "بزرگ" والدِ محترم مولانا محمد شریف صاحب مظاہری پٹنیؒ کے جگری دوستوں میں تھے، اور والد صاحب سے بےپناہ محبت رکھنے والے تھے، آپ کی وفات کی خبر سن کر بےحد افسوس ہوا، نیز اس بات کا قلق رہیگا کہ آپ وفات کے آخری روز یعنی مؤرخہ ٧/جنوری ٢٠٢٣ء مطابق ١٣/جمادی الثانی ١٤٤٤ھ بروز سنیچر احمدآباد میں ان کے داماد مولاناغلام رسول صاحب کے گھر تھے، لیکن بیمار ہونے کی وجہ سے گھر سے نہیں نکلے،اس لیے ان سے ملاقات نہ ہوسکی، مرحوم کو اپنی طبیعت ٹھیک نہیں لگ رہی تھی اس لیے پٹن روانہ ہوگئے، اور گھر پہونچنے کے کچھ گھنٹوں میں ہی آپ دار فانی سے دار باقی کی جانب رحلت فرما گئے، سن کر ہمیں ایک دھچکا سا لگا، اور خوب افسوس ہوا،
انا للہ و انا الیہ راجعون۔
مرحوم نورمحمد صاحبؒ، والد صاحب سے دوستی اور عقیدت کی وجہ سے احقر سے بھی خوب محبت کرتے تھے، اور "بیٹا" کہہ کر ہی بلاتے تھے، آپ بہترین خصائل کے مالک تھے، سادگی، دنیا سے بےرغبتی، آخرت کی فکر، اور قناعت جیسی صفاتِ حسنہ سے متصف تھے، مدینہ مسجد اور بڑی مسجد، کالی بازار پٹن میں پابندی سے اذان دیا کرتے تھے، صبح میں آپ کی اذان سن کر ہی لوگ بیدار ہوا کرتے تھے، آہ! یہ آواز ہمیں خوب یاد آئیگی،اور خوب تڑپائے گی، اسی کے ساتھ آپ کثرت سے دعاء میں مصروف رہنے والے تھے، اور دعاء میں خوب آہ و زاری کرنے والے تھے، آہ و زاری میں آپ کا کوئی ثانی نہیں تھا، پورے پٹن شہر میں احقر نے آپ سے زیادہ رونے والا کسی کو نہیں دیکھا، نمازِ فجر سے قبل قرآن کریم کی تلاوت کرنا، اور رمضان المبارک کے مہینے میں دن کے اکثر حصہ میں اور رات بھر بڑی مسجد میں تلاوت کرنا اور نماز میں مصروف رہنا آپ کی طبیعت تھی،
تعمیرِ مساجد کا فنڈ جمع کرنے کے لئے دوڑ دھوپ کرنا اور معذوری کے باوجود اس کے لئے سفر کرنا، آپ اس کو اپنی سعادت سمجھتے تھے، حیات کے آخری دو سالوں میں آپ نے "بڑی مسجد کالی بازار پٹن" کے لئے خوب سفر کیے، اور اس سے ایک سال قبل "مدینہ مسجد، کالی بازار" کے لئے بھی خوب تگ و دو کی، ہم بڑی مسجد کمیٹی کی جانب سے آپ کے اہلِ خانہ کی تعزیتِ مسنونہ پیش کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے دعاء کرتے ہیں کہ اس کام کو آپ کے لئے ذریعۂ نجات بنائے، آمین
دعوت وتبلیغ کی مبارک محنت میں بھی آپ نے خوب حصہ لیا، محلہ کے نوجوانوں کی تشکیل کرنا، جماعت تیار کرنا، اور پھر ان کو لے کرچلنا، آپ کا خاصہ تھا،
اخیر میں ہم بارگاہِ ایزدی میں دعا گو ہیں کہ آپ کی حسنات کو قبول فرمائے، سیئات سے درگزر فرمائے، محلہ کی دونوں مسجدوں میں آپ کا نعم البدل مؤذن نصیب فرمائے، آپ کی عمدہ صفات سے خدا تعالیٰ ہمیں بھی متصف فرمائے، اعلی علیین میں مقام عطا فرمائے، پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔

0 تبصرے